حوزه نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، دفترِ نمائندہ ولی فقیہ و قائد ملت جعفریہ پاکستان شعبۂ قم المقدسہ کی جانب سے حسب سابق امسال بھی محرم الحرام کے عشرے کا انعقاد مسجد اعظم حرم مطہر حضرت فاطمه معصومه سلام اللہ علیہا میں کیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق، عشرۂ محرم الحرام کے خطیب حجۃ الاسلام والمسلمین ڈاکٹر محمد یعقوب بشوی تھے، جنہوں نے اپنی مجالس میں آیۂ درود پر علمی گفتگو کرنے کے ساتھ ساتھ فضائل و مصائب امام حسین و اہلبیت علیہم السلام بیان کئے۔ اسٹیج سیکریٹری کے فرائض حجۃ الاسلام والمسلمین شیخ غلام محمد شاکری نے انجام دیئے۔ قم المقدسہ میں موجود اور پاکستان سے آئے ہوئے نوحہ خواں حضرات اور ماتمی سنگتوں نے ماتم داری کروائی۔
یکم محرم الحرام سے دس محرم الحرام تک منعقدہ مجالس میں دفترِ قائد ملت جعفریہ قم المقدسہ کی جانب سے نیاز امام حسین علیہ السلام بھی تقسیم کی گئی۔ مجالس میں حوزہ علمیہ قم المقدسہ کے علمائے کرام، طلاب عظام اور زائرین کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔
روز عاشور دفترِ قائد ملت جعفریہ شعبۂ قم المقدسہ کی جانب سے حسب سابق امسال بھی مرکزی جلوس عاشورا کا انعقاد کیا گیا۔ عاشورا کے دن بعد از نماز ظہرین حسینیہ ابوالفضل العباس قم نو میں مجلس کا اہتمام کیا گیا، جس سے حجۃ الاسلام والمسلمین ڈاکٹر محمد یعقوب بشوی نے خطاب کیا۔ بعد ازاں عاشورا کا جلوس برآمد ہوا جو اپنے مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا حرم مطہر حضرت فاطمه معصومه سلام اللہ علیہا میں اختتام پذیر ہوا۔ جلوس میں علمائے کرام، طلاب عظام اور زائرین کی کثیر تعداد شریک رہی۔ مجلس شام غریباں میں حجۃ الاسلام والمسلمین سید جنت حسین جعفری نے مصائب عاشورا بیان کئے۔